وزیر ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت مختلف محکموں کی تجاویز کردہ ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس۔
مالی سال 26-2025 میں جاری ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مختص کئے جائیں گے، سید ناصر حسین شاہ
کراچی: صوبائی وزیر ترقیاتی و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبہ میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج سندھ سیکریٹریٹ پی اینڈ ڈی کمیٹی روم میں مختلف محکموں کی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم احمد شاہ، مختلف محکموں کے وزراء اور سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ، ورکس اینڈ سروسز، ایریگیشن، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، صحت، ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ، اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، ڈپارٹمنٹ اینڈ اسٹیوٹا(STEVTA)،کالج ایجوکیشن، امپاورمنٹ آف پرسنز ودھ ڈس ایبلٹیز اور ہوم ڈپارٹمنٹ سے متعلقہ ترقیاتی اسکیموں کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیر ترقیاتی و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات و فارمولے کے تحت اسکیمیں تیار کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ نئی اسکیموں میں صرف وہی رکھی جائیں جوکہ انتہائی ضروری اور عوام کے وسیع تر مفاد میں ہوں۔ ناصر شاہ نے کہا کہ نامکمل اور ادھوری ترقیاتی اسکیمیں ناصرف حکومت کیلئے بدنامی کا باعث ہیں بلکہ عوام کیلئے سخت تکلیفوں اور ٹریفک میں روانی کیلئے رکاوٹ کا باعث بھی ہیں۔ لہٰذا چیئرمین بلاول بھٹو کی سخت ہدایات ہیں کہ پہلے تمام ادھوری جاری ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا جائے اور اس کیلے فنڈز مختص کئے جائیں ۔ اجلاس مختلف محکموں کی جانب سے میگا پروجیکٹس کے حوالے سے بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

























