سکھر: صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے گڈانی پھاٹک کے قریب نئے تعمیر شدہ اسکول کی عمارت کا افتتاح کیا۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ بھی ہمراہ موجود تھے
افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا رہا ہے، خستہ حال اسکول کی عمارت کی تعمیرِ نو کے بعد بچے معیاری ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیے گئے ہیں اور وفاقی اداروں سے اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہےناصر حسین شاہ نے کا مزید کہنا تھا کہ راہل گاندھی اور ان کی بہن پاکستان کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں رکھتے، مگر انہوں نے مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ مودی نے پاکستان پر جھوٹا الزام لگا کر رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، لیکن پاکستان کی فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی رافیل طیاروں کو نقصان پہنچا کر دشمن کے غرور کو توڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ مودی کا خود ساختہ ڈرامہ تھا، جس میں بے گناہ کشمیریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔ بھارت میں سچ بولنے پر گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے دنیا میں پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا، عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی اور بھارت کو تنہا کر دیا۔فاروق ستار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی باتوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتا، سندھ کراچی ہے اور کراچی سندھ ہے، جغرافیائی طور پر کراچی کو سندھ سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔

















