کراچی: وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے فنانس کا تفصیلی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء ضیاء الحسن لنجار، سعید غنی، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں صوبے بھر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، مالی امور اور ادارہ جاتی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں کے لیے اہم مالی منظوریوں کی منظوری دی گئی، اجلاس میں اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے تحت 35ویں نیشنل گیمز 2025 کے کامیاب انعقاد کے لیے درکار فنڈز کی منظوری دی گئی جس کا مقصد صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے، اسی طرح محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے ایمرجنسی فلڈ اسسٹنس کمپوننٹ میں ضروری ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی، اجلاس میں تھر انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فیز ٹو کے قیام کی منظوری دی گئی جس سے پسماندہ علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع میں اضافہ ہوگا جبکہ یونیورسٹی میں فیس معافی کے باعث پیدا ہونے والے واجبات کی ادائیگی کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دی گئی تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں، مزید برآں کمیٹی نے مختلف نان اے ڈی پی اسکیموں کی منظوری دیتے ہوئے بلدیاتی سطح پر ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے لیے یونین کونسلز کو فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی، سکھر میں بھی نان اے ڈی پی منصوبوں کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی تاکہ مقامی سطح پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، اجلاس کے دوران ان منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا جو قانونی تقاضے مکمل نہ کر سکے تھے، کمیٹی نے ایسے منصوبوں کی فنڈنگ کو آئندہ اجلاس تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام ضروری قانونی تقاضے جلد مکمل کریں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فنانس کمیٹی کا بنیادی مقصد صوبائی اداروں کو درپیش مالی مشکلات کا بروقت حل اور ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ فنڈز کی منظوری مکمل شفافیت اور کمیٹی اراکین کی باہمی مشاورت سے دی جاتی ہے تاکہ وسائل کا درست اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے، ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منظور شدہ منصوبوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے اور صوبے میں ترقیاتی عمل مزید تیز ہو۔











