کراچی: وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی ایئرپورٹ پر پہلی حج پرواز کے ذریعے وطن واپس آنے والے حجاج کرام کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنا کر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی، ڈائریکٹر حج امتیاز شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ پہلی حج پرواز کے ذریعے 163 حجاج کرام سعودی عرب سے کراچی پہنچے، جہاں ان کے اہل خانہ سمیت سرکاری حکام نے بھی ان کا والہانہ استقبال کیا۔ حجاج کرام کی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر خوشی اور عقیدت کا ماحول دیکھنے میں آیا جبکہ وطن واپسی پر حجاج کرام نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج کرام پوری قوم کے لیے دعاؤں، رحمتوں اور برکتوں کا پیغام لے کر وطن واپس آئے ہیں۔ انہوں نے تمام حجاج کرام کو فریضۂ حج کی ادائیگی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی عبادات، دعاؤں اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت اور سہولت کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں نے مؤثر کردار ادا کیا، جس کے باعث حج آپریشن کے دوران ماضی کے مقابلے میں شکایات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزارتِ مذہبی امور کی ٹیم، سعودی عرب میں پاکستان کے سفارتی عملے اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں جنہوں نے پاکستانی حجاج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور محنت کی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت حجاج کرام کے احترام اور تکریم کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور ان کا استقبال دراصل پوری قوم کی جانب سے ان کے لیے محبت اور عقیدت کا اظہار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ آئندہ سال حج انتظامات کو مزید بہتر، جدید اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عازمینِ حج کو پہلے سے بھی زیادہ معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے وطن کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی اور کہا کہ قوم کو حجاج کرام کی دعاؤں اور نیک تمناؤں سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ قبل ازیں کراچی ایئرپورٹ پر موجود حجاج کرام اور ان کے اہل خانہ نے استقبال کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا جبکہ حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا