Nasir Hussain Shah

نیپرا کی جانب سے 270 میگاواٹ سولر پروجیکٹس کی منظوری عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے اہم پیشرفت ہے، وزیر توانائی سندھ

کراچی: وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نیشنل ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے صوبہ سندھ کے 270 میگاواٹ کے دو سولر پروجیکٹ کی منظوری چیئرمین بلاول بھٹو کے عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے وژن کی جانب سے اہم پیشرفت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج انرجی ڈپارٹمنٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری محکمہ توانائی سندھ مشتاق احمد سومرو، سی ای او (ایس ٹی ڈی سی) سلیم احمد شیخ اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ سولر انرجی محفوظ احمد قاضی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر توانائی نے اس موقع پر کہا کہ 150 میگاواٹ کا سولر منسوبہ دیھ میٹھاگار میں جبکہ 120 میگاواٹ کا سولر منصوبہ دیھ ہلکانی میں لگے گا۔ ناصر شاہ نے کہا کہ 270 میگاواٹ سولر منصوبوں کی منظوری ناصرف عوام کو سستی بجلی کی فراہمی میں معاون و مددگار ہوگا بلکہ کراچی میں لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر توانائی نے اس موقع پر افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ توانائی کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے والے تمام منصوبوں کی رفتار تیز کریں اور منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں اور کسی بھی مشکل کی صورت میں براہ راست مجھ سے رابطہ کریں کیوںکہ چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات بھی یہی ہیں کہ تمام عوامی فلاحی اور ریلیف کے منصوبوں کو اپنے مقررہ وقت پر مکمل کرکے ان کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچائیں۔