غیر ملکی سرمایہ کاری ملک کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، وزیر توانائی
عوام کو معیاری اور سستی ہوائی سفری سہولت کیلئے غیر ملکی ایئر لائین کو ڈومیٹک سروس شروع کرنے کی تجویز دی ہے، سید ناصر حسین شاہ
کراچی: وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری ملک کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے اور معیشت کے استحکام و ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج ایک ہوٹل میں غیر ملکی ایئر لائن کی پاکستان میں شروع ہونے والی ایک افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر توانائی نے کہا کہ عوام کو معیاری اور سستی ہوائی سفری سہولیات کیلئے غیر ملکی ایئرلائن کو ڈومیسٹک سروس شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی ایئرلائن کی سروس اور سرمایہ کاری ان لوگوں کا جواب ہے جو کہتے ہیں پاکستان میں دہشتگردی ہورہی ہے اور ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے۔ ہمارا ملک غیر ملکی سرمایہ کاری اور حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسی اور صنعت کار و تاجروں کو ہر ممکنا سہولیات کی فراہمی کے باعث دن بدن معاشی طر پر مستحکم ہو رہا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے صوبہ سندھ کے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کری کیلئے حکومت سندھ سے رجوع کیا ہے اور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی دلچسپی کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار، تاجر و صنعتکار صوبہ سندھ کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔ وزیر توانائی نے کہا کہ آج مایوسی پھیلانے والوں کیلئے مایوسی کا دن ہے جوکہ ملک میں منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام میں مایوسی اور افراتفری پیدا کررہے ہیں۔ ناصر شاہ نے کہا کہ بین الاقوامی ہوائی کمپنی کا پاکستان میں آپریشن شروع کرنا خوش آئند ہے۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار بھی ادا کررہی ہے۔ شکر ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری و ترقی کی جانب گامزن ہے۔