Nasir Hussain Shah

پاکستان انٹیرئیر فرنیچر نمائش میں رعایتی، معیاری اور برانڈڈ اشیاء دستیاب ہیں، افتتاحی تقریب سے سید ناصر حسین شاہ کا خطاب۔

آرمی چیف کے بیان کی تائید کرتے ہیں اور پاک فوج کے ساتھ ہیں، وزیر توانائی سندھ

کراچی: صوبائی وزیر توانائی ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان انٹیرئیر فرنیچر ایکسپو میں معیاری اور برانڈڈ اشیاء رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہیں جن سے عوام بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج چار روزہ پاکستان انٹیرئیر فرنیچر نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔ وزیر توانائی نے کہا کہ یہ نمائش 17 اپریل تا 20 اپریل ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری رہے گی۔ 100 سے زائد اعلیٰ معیار کے فرنیچر برانڈز اس نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی فرنیچر نمائش کے انعقاد پر منتظمین اور عدنان افضال اور مدیحہ عدنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر توانائی ترقیات و منصوبہ بندی نے اس موقع پر مزید کہا کہ ہم آرمی چیف کے بیان کی تائید کرتے ہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انھیں سپورٹ کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں دو صوبے دہشتگردی کا شکار ہیں جس کے تابے بانے ہمارے دشمن ممالک کے ساتھ ملتے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں فورسز اور سویلین افراد دہشتگردی کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ جعفر ایکسپریس کا واقعہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش تھی مگر ہماری قابل فخر فورسز نے ناکام بنادیا۔ ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہونا چاہئے تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کے نام پر ایک ہیں۔ فورسز کو کمزور کرنے کا نتیجہ ہم عراق، لیبیا اور شام میں دیکھ سکتے ہیں اور عبرت حاصل کرسکتے ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ کینال کا معاملہ پیپلز پارٹی کی ریڈ لائن ہے، اگر کینال کا معاملہ آگے بڑھا تو پیپلز پارٹی حکومت سے علیحدہ ہوجائے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ کینال والے معاملے کا حل نکال لیا جائے گا۔